اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے والد آنند سنگھ بشٹ نے اپنے
بیٹے کو سماج کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کی نصیحت دی ہے۔ آنند سنگھ
نے کہا کہ یوگی کو برقع والی خواتین نے بھی ووٹ دیا ہے۔ 84 سالہ آنند نے
منگل کو کہا، 'آدتیہ ناتھ کو تمام مذاہب کا احترام کرنا چاہئے اور لوگوں کا
دل جیتنا چاہئے۔
نو بھارت ٹائمس کے مطابق، انہوں نے کہا کہ ان کے بیٹے کے پاس اب بہت بڑی
ذمہ داری آ گئی ہے۔ فارسٹ رینجر کے عہدے سے ریٹائرڈ آنند نے کہا، 'مسلم
خواتین نے بھی بی جے پی کے لئے ووٹ دیا ہے۔ ان سب کو تین طلاق اور دیگر
مسائل پر بی جے پی سے مدد کی توقع ہو گی۔ تمام مذاہب کے لوگوں کا خیال ہے
کہ یوگی آدتیہ ناتھ ریاست کو ترقی کی راہ پر لے جائیں گے اور یوپی کے وزیر
اعلی کو اس بات کو یاد رکھنا چاہئے۔ '
گڑھوال ضلع کے پنچور گاؤں میں بیوی ساویتری کے ساتھ رہنے والے آنند نے کہا،
'پہلے ہی دن سی ایم آدتیہ ناتھ نے اپنے ملازمین کو اناپ شناپ بیان دینے سے
بچنے کا مشورہ دیا ہے۔ وہ سنجیدہ کوشش کر رہے ہیں۔ ' انہوں نے ساتھ ہی کہا
کہ ان کے بیٹے کو ہندوتو ٹیگ سے نکلنے کی ضرورت ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ سائنس
موضوع سے گریجویٹ کرنے کے بعد 1993 میں گورکھپور چلے گئے تھے اور پھر 1994
میں سنیاس لے لیا تھا۔ آنند نے کہا کہ ان کے اور گھر والوں کو آدتیہ ناتھ
کے سنیاس کے فیصلے سے متفق ہونے میں تھوڑا وقت لگا۔